خیبرپختونخوا میں  پولیو کے 5 نئے کیسز کا سراغ


اسلام آباد: پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام نےشمالی صوبے خیبرپختونخوا میں  پولیو کے 5 نئے کیسز کا سراغ لگا لیا ہے۔  بنوں،تورغر سے 2،2 جبکہ شمالی وزیرستان سے ایک کیس کی شناخت کی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو پروگرام بابر بن عطاکی طرف سے جاری وڈیو پیغام میں کہا گیاہے کہ 5 پولیو کیسز کی شناخت خیبر پختونخوا سے ہوئی ہے جو انتہائی خطرناک بات ہے۔

بابر بن عطا نے کہا کہ  خدارا والدین جھوٹے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں،پشاور میں پولیو ویکسین کیخلاف ڈرامہ رچایا گیا۔ پشاور میں رچائے گئے پولیو ڈرامے سے دوررداز علاقوں کے والدین ویکسین سے انکاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے،خیبرپختونخوا حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

واضح رہے کہ  پاکستان کے چھ شہروں کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے نکاسی آب کے نظام میں پولیو وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں ریلوے پل اور طاؤس آباد کے سیوریج سسٹم میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

حیدر آباد کے تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، راولپنڈی کے علاقے صفدرآباد اور  پشاور کے شاہین ٹاؤن میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

لاہور میں بھی سیوریج سسٹم سے پولیو وائرس ملا ہے جب کہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ، اور راشد منہاس روڈ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

کراچی کے چکورا نالہ اور کورنگی نالہ کے سیوریج میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔

خیال رہے کہ ایک ماہ قبل سیکیورٹی خدشات کے سبب ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:’صرف ایک ڈویژن سے پولیو کے11 کیسز کا سامنے آنا لمحہ فکر یہ ہے‘


متعلقہ خبریں