صوبہ سندھ میں آن لائن ٹیکسی سروسز پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد


کراچی : سندھ اسمبلی نےاپوزیشن کے زبردست احتجاج اور شور شرابے میں فنانس بل 2019 کی  کثرت رائے سے منظوری دے دی۔

فنانس بل 2019-2020 میں کئی ٹیکسوں میں اضافہ اور کئی نئے ٹیکسوں کی بھرمارکی گئی ہے۔ اوبر اور کریم سمیت دیگر آن لائن ٹیکسی سروسز پر پانچ فیصد سیلز ٹیکس نافذ کردیا گیا۔

بل میں ایم کیو ایم کے محمد حسین کی ترامیم مسترد کر دی گئیں۔ سندھ اسمبلی نےآن لائن کاروبار اور مارکیٹنگ پر بھی 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کردیا۔

اسی طرح ٹریننگ سینٹرز پر 5 ،کولڈ اسٹوریجز پر 13 ،سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ اور پاور ٹرانسمیشن سروس پر 13 اوران ڈور گیمز مراکز پر 10 فیصد سیلز ٹیکس نافذ کیا گیا۔

معدنیات کے لیئے کھدائی کرنے والے اداروں پر 5 ،انشورنس ایجنٹس پر 5 ،گاڑیوں کی پارکنگ فیس اور مشینری و آلات کی سروس پر 5 فیصد ٹیکس نافذ کیا گیا۔

سندھ حکومت نے ٹریول ایجنٹس اور ٹور آپریٹرز پر سیلز ٹیکس 10 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کردیا۔ شراب، میتھانول، اسپرٹ لائسنس کی فیس  ڈیوٹیز میں اضافہ کیا گیا ہے۔

1000 سی سی نان کمرشل گاڑیوں سے رجسٹریشن کے وقت 20 ہزار روپے وصول کیئے جائیں گے۔149 سی سی تک موٹر سائیکل سے رجسٹریشن  کے وقت ون ٹائم 18 سو روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

150 سی سی اور اس سے زائد کی موٹرسائیکلوں پررجسٹریشن کے وقت ون ٹائم 3 ہزار روپے وصول کیئے جائیں گے۔ پروفیشنل انکم ٹیکس 150 روپے بڑھا کر 5 سو روپے کردیا گیا جبکہ انفرا اسٹرکچر سیس کی شرح 1.15 سے بڑھا کر 1.2 فیصد کردی گئی۔

3000 اور اس سے زائد سی سی  کی لگژری گاڑیوں پر عائد لگژری ٹیکس ایک لاکھ روپےسے  بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کردیا گیا اور2000 سی سی سے 2900 سی سی کی گاڑیوں پر ٹیکس 50 ہزار روپے سے بڑھاکر 75 ہزار روپے کردیا گیا۔

کمرشل ٹرک، رکشہ، بس، وین، ڈمپر اور کرین پر رجسٹریشن فیس ایک فیصد بڑھا کر 1.25 فیصد کردی گئی ہے۔ 1000 سی سی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس 1 فیصد سے بڑھا کر 1.25 فیصد کردی گئی ہے ۔

اسی طرح 1300 سی سی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس 2 فیصد سے بڑھاکر 2.5 فیصد کردی گئی،2500 سی سی سے زائد گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس 4 فیصد سے بڑھاکر 5 فیصد کردی گئی ہے۔

پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز پر پیشہ ورانہ ٹیکس ڈھائی ہزار روپے سے بڑھاکر 3000 روپے کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:سندھ : 12 کھرب 18 ارب روپے کا بجٹ ایوان میں پیش

فیکٹریوں، وڈیو شاپس، رئیل اسٹیٹ ڈیلرز، کارڈیلرز پر عائد ٹیکس 500 روپے سے بڑھاکر 1000 روپے کردیا گیاہے۔ پراپرٹی ٹیکس اور مکانوں کے کرائے پر ٹیکسوں میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس جائیدادوں کی اصل ویلیو پر عائد ہوگا۔


متعلقہ خبریں