’شادی بیاہ کی غیر ضروری رسومات ختم ہونی چاہئیں‘



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے شادی بیاہ کی غیر ضروری رسومات کی پابندی پر اتفاق کیا۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں بات کرتے ہوئے تجزیہ کار ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ گزشتہ ماہ میں اتنے جھٹکے عوام کو لگ چکے ہیں کہ وہ اب اس کے عادی ہو جائیں گے۔ اگر مہنگائی ہو رہی ہو تو عوام کو کسی معاشی ماہر کی ضرورت نہیں ہوتی وہ سمجھ جاتی ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسی درست کام نہیں کر رہی۔

انہوں نے کہا کہ جذبات کے ذریعے معیشت درست نہیں ہو گی کبھی کہا جاتا ہے کہ کسی کے اکاؤنٹ میں پانچ لاکھ روپے موجود ہیں اس کا حساب لیا جائے گا اب اگر کسی درزی کے اکاؤنٹ میں بھی اتنی رقم موجود ہے  تو وہ بھی پریشان ہو گیا ہے۔

ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان موجود اعتماد کا رشتہ ٹوٹتا نظر آ رہا ہے جو انتہائی نقصان دہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تو تعلیم کے بجٹ میں بہت زیادہ کمی کر دی ہے، ہماری بجلی اور گیس ڈالر میں خریدی جا رہی ہے اور ڈالر مہنگا ہونے سے غریب عوام پر براہ راست اثر پڑے گا۔

ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ شوگر ملوں میں بہت مضبوط مافیا بیٹھی ہوئی ہے جو چینی کا ذخیرہ کر کے  قیمتیں بڑھا دیتے ہیں لیکن اب ہر شعبہ میں ہی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں نے خریداری میں دلچسپی لینا چھوڑ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی تکلیف گزشتہ 10 ماہ میں بڑھی ہی ہیں کم نہیں ہوئیں اور حکومت کی جانب سے جتنی بھی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں ان کی کوئی کارکردگی نظر نہیں آ رہی۔ اب یہ مہنگائی کا سلسلہ جو شروع ہوا ہے نہ جانے کہاں جا کر رکے گا۔

مسلم لیگ نون کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ ناکامی کا علاج کیا جا سکتا ہے اور وہ اپنی کسی حکمت عملی سے تبدیل ہو سکتی ہے لیکن خود فریبی کا کوئی علاج نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی حکومت انتہائی بری حالت میں ملی تھی 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی جسے ہم نے ختم کیا، مسلم لیگ نون ملک کو آگے کی جانب لے کر گئی۔ اگر ہماری پالیسیاں خراب تھیں تو کمیٹی بنا لی جائے کہ ہم نے کہاں خرابی کی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ 1997 میں پنجاب حکومت نے ایک بل پاس کیا تھا جس میں شادی بیاہ کے دوران کھانوں اور دیگر رسومات پر پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں جس کا غریب عوام کو فائدہ ہوا تھا اگر تحریک انصاف ایک بار پھر اس قانون پر عمل کرے تو عوام کو بہت فائدہ ہو گا۔

ملک احمد خان نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے آج ایک عام آدمی کا گھر بھی بری طرح سے متاثر ہو رہا ہے اب ہر شخص ہی یہ کہہ رہا ہے حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے جبکہ مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ گزشتہ حکومت ہمیں اکانومی انتہائی بری حالت میں دی۔ جسے بہتر کرنے میں وقت لگے گا اس کے فوری نتائج سامنے نہیں آئیں گے تاہم حکومت معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا انہوں نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو تربیت کے لیے بیرون ملک نہیں بھیجا تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔

شہباز گل نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم سب سے پہلے اپنے آپ سے سنجیدہ ہونا پڑے گا۔ اس ملک کو میگا پروجیکٹس دکھا کر معیشت کو تباہ کیا گیا اور گزشتہ حکومت نے صرف میگا پروجیکٹس پر ہی ملک کا سرمایہ لگا دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ نون کے ایک رکن قومی اسمبلی کے گودام سے 70 ہزار چینی کی بوری برآمد ہوئی۔ شوگر مل مالکان نے چینی کی ذخیرہ اندوزی کر رکھی ہے جو چینی کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہی ہے اور یہ حال صرف مسلم لیگ نون کا نہیں سب جماعتوں کے شوگر مل مالکان کا یہی حال ہے۔


متعلقہ خبریں