فواد چودھری، بلاول بھٹو کی ’سیاسی‘ فہم و فراست کے قائل ہوگئے

فواد چوہدری وزارت عظمیٰ کے امیدوار، نہال ہاشمی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ’سیاسی‘ فہم و فراست کے قائل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پی پی پی کی ’معاملہ فہمی‘ اور ’تدبر‘ کی بھی تعریف کی ہے۔

ماضی میں پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ رہنے والے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف مذہبی اشتعال کے استعمال کو روکنے پر بلاول تعریف کے مستحق ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ فتوے باز مولوی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے 75 فیصد مسائل کی وجہ علمائے سو ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزیر نے تمام طبقہ ہائے فکر سے کہا کہ انہیں اس رویے کے خلاف جہاد کرنا چاہیے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے صحابہ کرام ؓ کی توہین کا ذکر شامل کرنے کی تجویز پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مخالفت کی تھی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے ذرائع ابلاغ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے نہایت واضح مؤقف اختیار کیا کہ کسی کے خلاف بھی مذہب کو استعمال نہیں ہونے دوں گا۔


متعلقہ خبریں