جاپان : جی – 20 اجلاس شروع ہو گیا

جاپان : جی - 20 اجلاس شروع ہو گیا

اوساکا: جاپان کے شہر اوساکا میں جی -20 اجلاس (سمٹ) شروع ہو گیا ہے۔

دنیا کے ترقیافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے گروپ جی -20 میں شامل ممالک کے  رہنماؤں کے دو روزہ اجلاس کے دوران آپس کے باہمی تعاون میں پائے جانے والے فقدان، عالمی اقتصادی ترقی کو لاحق خطرات اور امریکہ و ایران کے درمیان تیزی سے بڑھتی کشیدگی سمیت دیگر اہم امور پر غور و خوص کیا جائے گا۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق سربراہان حکومت کے اجلاس میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روس کے صدر ولادی میر پیوٹن، چین کے صدر شی جن پنگ، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر شریک ہیں۔

ٹرمپ نے مودی سے جاپان میں ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا بتا دیا

خبر رساں ادارے کے مطابق جی – 20 کے اجلاس میں شریک کئی اہم رہنماؤں کی آپس میں سائیڈ لائن پر بھی ملاقاتیں طے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کل 9 ملاقاتیں سائیڈ لائن پر شیڈول ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق چین اور امریکہ کے درمیان پائے جانے والے تجارتی تنازع کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کو خاصی اہمیت دی جارہی ہے۔

امریکہ کے صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز جاپان روانگی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ وہ جاپان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ہونے والی ملاقات میں کہیں گے کہ امریکی اشیا پر عائد کردہ بھاری ٹیرف واپس لیا جائے کیونکہ وہ نا قابل قبول ہے۔


متعلقہ خبریں