ورلڈکپ2019: سٹے بازی میں ملوث 6 بکیز گرفتار، آلات قمار بازی برآمد

ورلڈکپ2019: سٹے بازی میں ملوث 6 بکیز گرفتار، آلات قمار بازی برآمد

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ پولیس اسلام آباد نے ورلڈکپ 2019 کےمقابلوں پر سٹے بازی میں ملوث چھ بکیز کو گرفتار کرکے کمپیوٹر اور دیگر آلات قمار بازی قبضے میں لے لیے ہیں۔

خفیہ اطلاع پر وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی 15 میں پولیس نے کارروائی کر کے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

ملزمان میں محمد نیاز نظامی، غلا م نبی، راشدفہیم، شیراز احمد، محمد ہمایو ں اور وقاص شامل ہیں۔

قبضے میں لی گئی اشیا میں دو موبائل فون، ایک کمپیوٹر، ایک پرنٹر، انٹرنیٹ ڈیوائس اور دیگر آلات قماربازی بھی شامل ہیں۔

پولیس ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ملزمان ورلڈکپ کے تمام میچز میں سٹے بازی کا مکروہ کاروبار چلا کر لاکھوں روپے کا کالا دھن جمع کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے پاکستان بمقابلہ بھارت اور پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سمیت قومی ٹیم کے دیگر مقابلوں پر بھی بھاری سٹے بازی کی تھی۔ پولیس کی زیر حراست جواریوں کے دیگر افراد سے بھی رابطوں کا انکشاف ہوا ہے جن کی گرفتاری کیلیے مزید تفتیش کی جائے گی۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جوے کا مکروہ کاروبار وفاقی دارالحکومت میں پنپنے نہیں دیا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کا تعقب جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں