وفاقی اسپتالوں میں کام کرنے والی نرسز کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری


اسلام آباد:معاوضوں میں اضافے کے لیے اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں کے نرسنگ سٹاف کا احتجاج رنگ لے آیاہے ۔حکومت نے وفاق کےزیر انتظام سرکاری اسپتالوں کی مستقل نرسز کے الاؤنسز میں اضافے کی منظوری دے دی۔

وزارت صحت کی طرف سے نرسنگ اسٹاف کے معاوضوں میں اضافےکانوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا،اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

حکومت نے اسٹوڈنٹ نرسز کے ماہانہ وظیفے،مستقل نرسنگ اسٹاف کے میس اور ڈریس الاؤنس میں اضافہ کر دیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز کے نرسنگ اسٹاف کی تقریب میں نوٹیفکیشن نرسز کے حوالے کر دیا۔

عید سے قبل ڈاکٹر ظفرمرزا نے نرسز کے الاؤنسز میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ وفاقی نرسز کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کے وظائف اور الاؤنسز کو بڑھا کر صوبوں کے برابر کیاجائے۔

حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق اسٹوڈنٹس نرسز کا ماہانہ وظیفہ دوہزار روپے سے بڑھاکر  6 ہزار 8 سو روپےماہانہ کر دیا گیا ہے۔

گریڈ سولہ  کے مستقل نرسنگ اسٹاف کا میس الاؤنس پانچ سو روپے سے بڑھا کر 8 ہزار اور ڈریس الاؤنس چھ سو روپے سے بڑھا کر 3ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: وفاق میں کام کرنے والی نرسز کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

وزارت صحت کے مطابق اس اضافے پر حکومتی اخراجات کا تخمینہ 22 کروڑ 85 لاکھ روپے ہے۔


متعلقہ خبریں