ایم کیو ایم کا کراچی، حیدرآباد کے میئرز کو اختیارات دینے کا مطالبہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد سے ملاقات ہوئی جس کے دوران متحدہ کے وفد نے کراچی اور حیدرآباد کے میئرز کو اختیارات دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقم مختص کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

وزیراعظم نے ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ کے ساتھ معاہدے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے لیے سینیئر پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایم کیو ایم وفد میں خالد مقبول صدیقی، امین الحق، کشور زہرہ، اسامہ قادری شریک تھے۔

ملاقات میں جہانگیر ترین اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی شامل تھے۔

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بی این پی کے بعد ایم کیو ایم کو منانے کی ذمہ داری جہانگیر ترین کو سونپ دی گئی ہے اور اسی وجہ سے وہ آج وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات میں موجود تھے۔


متعلقہ خبریں