پوائنٹس ٹیبل: سری لنکا کو ہراکر جنوبی افریقہ کی آٹھویں پوزیشن


چیسٹرلی اسٹریٹ: ورلڈ کپ 2019 کے 35ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی تاہم اس فتح سے جنوبی افریقہ سے زیادہ پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

پروٹیز نے یہ میچ جیت کر درحقیقت غیر ارادی طور پر پاکستان کی مدد کی ہے کیوں کہ سری لنکا وہ ٹیم ہے جو سیمی فائنل کی دوڑ میں پاکستان کی حریف ہے جبکہ جنوبی افریقہ اس دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔

پاکستان کو اب کل افغانستان اور پانچ جولائی کو بنگلہ دیش کو شکست دینی ہے جبکہ انگلینڈ کے بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے میچز کے نتائج پر بھی گرین شرٹس کی گہری نگاہ ہوگی۔

مزید پڑھیں: سیمی فائنل تک رسائی کیلئے کس ٹیم کو کیا کرنا پڑے گا؟

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائیں تو آسٹریلیا پہلی پوزیشن پر براجمان ہے اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی واحد ٹیم ہے۔

دوسرے نمبر پر بھارت کی ٹیم موجود ہے جو اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے اور ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ تصور کی جارہی ہے۔

اسی طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان سے شکست کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے جبکہ انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے تاہم اب اسے اپنے تمام میچز جیتنے ہوں گے۔

پانچویں پوزیشن پر بنگلہ دیش کی ٹیم براجمان ہے جبکہ پاکستانی ٹیم چھٹی پوزیشن پر ہے۔

سیمی فائنل کی ایک نشست کے لیے آئندہ کچھ روز کے دوران انگلینڈ، بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

سری لنکا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے اور اب جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے کم ہی امکانات رہ گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں جبکہ ورلڈ کپ کے تمام میچز ہارنے والی افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے۔


متعلقہ خبریں