حکومت نے دھاندلی سے بجٹ پاس کرایا، بلاول


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا سیاہ دن ہے کیوں کہ حکومت نے دھاندلی سے بجٹ پاس کرایا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان کو قید میں رکھا جاتا ہے تاکہ وہ بول نہ سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام سے کہتا ہوں کہ اب اٹھ کھڑے ہوں، یہ کس قسم کا نیا پاکستان ہے کہ امیروں کے بجائے غریبوں پر بوجھ ڈال گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن یہ تو جن لوگوں کے پاس پہلے سے ہی نوکریاں موجود ہیں وہ چھین رہے ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اس ظالم حکومت کے خلاف کل سے نکل رہا ہوں، پنجاب کے عوام کو بتاؤں گا کہ کس طرح ان کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے دو اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے گئے، ملک کی تاریخ میں ایسا بجٹ پاس نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ نالائق حکومت نے تھرکول پر 15 فیصد ٹیکس لگا دیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کل گوجر خان میں پیپلزپارٹی کا جلسہ ہوگا، ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ عوام کے پاس جائیں اور بتائیں کہ تبدیلی کے نام پر ان کے ساتھ ظلم ہورہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے موجودہ اسپیکر اسد قیصر سے زیادہ غیر جانبدار ضیاء اور مشرف دور کے اسپیکر تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پی ٹی آئی کا نہیں پی ٹی آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔


متعلقہ خبریں