حماد اظہر کی پرجوش تقریر پر عمران خان کی مسکراہٹ اور لقمے



اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اس وقت بیک وقت تالیوں اور احتجاج کے مختلف رنگ بکھر گئے جب وزیرمملکت برائے محصولات حماد اظہر کی پرجوش تقریر پر وزیر اعظم عمران خان ڈیسک بجاتے اور لقمے دیتے رہے جبکہ وفاقی وزرا نے انہیں گلے لگا کر داد دی۔

بجٹ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی تقریر کے جواب میں حماد اظہر بھی کھل کر بولے اور حزب اختلاف کے رہنماؤں کو وہ دور یاد دلایا جب وہ آمریت کے ساتھ کھڑے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جنرل جیلانی کی پیداوار ہیں جبکہ اب نہ ہی ضیاالحق کا دور ہے اور نہ ہی ایوب خان کا۔

نوجوان وزیر نے شیخ روحیل اصغر کو بھی نہ بخشا اور بولے کہ یہ صاحب میرے والد سے ٹکٹ لینے کے لیے گھر سے باہر بیٹھے رہتے تھے۔

حماد اظہر کی جوشیلی تقریر کے دوران عمران خان بھی مسکراتے، لقمے دیتے اور ڈیسک بجاتے دکھائی دیے۔

وزیرمملکت نے کہا کہ میرا تعلق بھی لاہور سے ہے، سینے میں کئی راز دفن ہیں، میرا منہ نہ کھلوائیں۔

ان کی تقریر میں کہیں اقامے کا تذکرہ ہوا تو کہیں سیکیورٹی گارڈ ہونے کا طعنہ سامنے آیا۔

جوشیلے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزرا عمر ایوب خان اور فواد چوہدری نے حماد اظہر کو سینے سے لگا کر داد دی جبکہ اسد عمر نے ان کی پیٹھ تھپتھپائی۔


متعلقہ خبریں