میدان کی صفائی پر پاکستانی شائقین کی پذیرائی، ویڈیو وائرل


انگلینڈ میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے میلے میں جہاں پاکستان کی ٹیم اپنی کارکردگی کے باعث توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے وہیں اس ٹیم کے شائقین بھی اپنی دلچسپ حرکتوں کے باعث سوشل میڈیا پر زیر بحث رہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز کھیلے گئے پاک نیوزی لینڈ میچ کے اختتام پر قومی ٹیم کے شائقین میدان میں موجود نشستوں کی صفائی ستھرائی کرتے ہوئے دکھائی دیے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔


جہاں میچ میں جیت کی خوشی پر اکثر شائقین گلیوں میں نکل کر جشن منانے لگ جاتے ہیں وہیں اس مرتبہ پاکستانی ٹیم کے مداحوں نے اپنے اس عمل سے لوگوں کے لئے ایک مثال قائم کر دی ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا میں بھی پاکستانی شائقین کی جانب سے اس اچھے اقدام کی تعریف کی گئی ہے۔

یاد رہے  افریقین  فٹ بال کپ کے دوران مصر کے مداحوں نے بھی فٹ بال کے میدان میں رکھی گئی نشستوں کی صفائی ستھرائی میں خوب حصہ لیا جسے بہت پذیرائی ملی تھی۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے دوران جاپان اور سنیگال کی ٹیموں کے شائقین بھی میدان کی نشستوں کی صفائی ستھرائی میں خوب سرگرم رہے تھے۔

واضح رہے عالمی کپ میں مایوس کن آغاز کے بعد پاکستان کی ٹیم جیت کی راہ پر چل پڑی ہے۔

قومی ٹیم نے پہلے جنوبی افریقہ اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن کر دیئے ہیں۔


متعلقہ خبریں