پاکستان کو قطر سے امداد کی پہلی قسط50 کروڑ ڈالرز وصول



اسلام آباد: پاکستان کو قطر سے امداد کی مد میں ملنے والے تین ارب ڈالرز کی پہلی قسط موصول ہوگئی ہے جس میں 50 کروڑ ڈالرز دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو پہلی قسط وصول ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے 22 جون کو دو روزہ دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستان کے لیے تین ارب ڈالرز امداد کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی جانیں: قطر پاکستان میں 3 ارب قطری ریال کی سرمایہ کاری کرے گا

قطر اور پاکستان کے درمیان تین معاہدوں پر دسخط

دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور تجارت کی ترقی کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے تھے۔  منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد، خفیہ معلومات کے تبادلے کی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

پاکستان سے واپسی کے اگلے ہی روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ہدایت پر قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری اعلان کیا تھا جو ڈپازٹ اور ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی صورت میں ہوگی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں  قطر کے نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان 9 ارب ڈالرز کی شراکت داری ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے امداد کے اعلان پر قطر امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں معاشی معاونت سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔


متعلقہ خبریں