ٹیکسوں کا بوجھ ملکی سالمیت کا قاتل ہو گا، احسن اقبال

فوٹو: فائل


نارووال: مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ٹیکسوں کا بوجھ ملکی سالمیت کا قاتل ہو گا۔ عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک دشمن عناصر کی ضرورت نہیں ہے۔

مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے نارروال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، اب وہ اپنی غلطیوں کو دوسروں پر نہ تھوپیں۔ شرح سود 6 سے 12 پر کیا مسلم لیگ نون نے پہنچایا ہے ؟

انہوں نے کہا کہ حکومتی غلط فیصلوں سے 20 کروڑ عوام کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کر دیے گئے ہیں کیونکہ موجودہ بجٹ صارفین کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔

مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ موجودہ بجٹ تعلیم دشمن ہے جس میں تعلیمی اداروں کے لیے فنڈز کم کر دیے گئے ہیں جبکہ صحت کے لیے بھی بجٹ میں بہت زیادہ کٹوتی کی گئی ہے اور یہ بجٹ زراعت دشمن بھی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ملک کو بین الاقوامی چندہ مہم کا حصہ نہ بنایا جائے کیونکہ دوست ممالک سے چندہ مانگ کر ملک کو گدا گر بنا دیا گیا اور صرف یہ نہیں مسلم لیگ نون نے مضبوط معشت چھوڑی تھی جسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں احسن اقبال نے نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا

احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے آج ملک مشکلات میں کھڑا ہے اور آج پاکستان کی اقتصادی صورتحال کی کیفیت بے یقینی ہے۔

مسلم لیگ نون کے اراکین کی عمران خان سے ملاقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ عوام لوٹوں کو مسترد کر چکی ہے اور مسلم لیگ نون میں لوٹوں کی ضرورت نہیں ہے جبکہ پاکستان کی عوام کسی لوٹے کو پسند نہیں کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو چھوڑ کر جانے والوں کا حال سب دیکھ رہے ہیں اور ویسے بھی مسلم لیگ نون ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتی جبکہ جمہوریت کے لیے ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنائی تھی۔


متعلقہ خبریں