30 سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل یہ پانچ چیزیں سیکھ لیں


زندگی ایک بہترین استاد ہے جو انسان کو مشکلات میں ڈال کر سکھاتی ہے، ہماری زندگیوں میں اس وقت تک چیلنجز آتے رہتے ہیں جب تک ہم انہیں حل کرنے کی صلاحیت حاصل نہ کر لیں، ان چیلنجز سے نمٹ کر ہی ہم زندگی میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

جب انسان 30 سال کی عمر تک پہنچتا ہے تو اس کی زندگی کا اگلہ مرحلہ شروع ہو جاتا ہے، تاہم زیادہ تر لوگ اس دور میں آنے والے چیلنجز کے لئے تیار نہیں ہوتے۔

آج ہم بتائیں کہ کیسے زندگی کے اس نئے مرحلے میں آپ ان پانچ اہم باتوں کو سیکھ کر اپنی زندگی سہل بنا سکتے ہیں۔

1۔ پیسہ سب کچھ نہیں:

سب سے پہلا سبق آپ اچھی طرح ذہن نشین کر لیں اور وہ یہ کہ پیسہ زندگی گزارنے کے ضروری تو ہے مگر یہ سب کچھ نہیں ہے۔

زندگی کی بہترین چیزوں کی کوئی قیمت نہیں ہوتی، 20 سال کی عمر میں انسان پر پیسے کی چاہت غالب آ جاتی ہے، اس پیسے سے آپ نیا گھر لے سکتے ہیں اچھا علاج کرا سکتے ہیں، یہ آپ کو اچھی زندگی گزارنے کے لئے آسانی دیتا ہے ۔

مگر ایک بات یاد رکھیں کہ انسانی زندگی ٹھہرا ہوا تالاب نہیں بلکہ ایک بہتا ہوا دریا ہے، دولت کو اہمیت دیں لیکن اسے اپنا سب کچھ نہ مان لیں۔

اپنی زندگی میں دوستی، رشتہ داری اور لوگوں کے ساتھ روابط رکھنے کو اہمیت دیں۔

2۔ اپنی جسمانی صحت کا خیال رکھیں:

آپ کا جسم 20 سال تک کی عمر میں بہت چست و توانا ہوتا ہے تاہم اس عمر کے بعد آپ کا طرز زندگی جسمانی صحت پر اثر ڈال سکتا ہے۔

آپ کا جسم وہ سواری ہے جس پر بیٹھ کر آپ کامیابی کی منزل تک پہنچ سکتے ہیں اس لئے ورزش کو اپنی روزہ مرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں، روزانہ پندرہ منٹ سے لے کر ایک گھنٹہ تک ورزش کریں اور اچھی خوراک کا بھی خیال رکھیں ۔

لوگوں کو دکھانے کے لئے نہیں بلکہ اپنے آپ کو توانا رکھنے کے لئے ورزش کریں۔

3۔  ناکامی اچھی چیز ہے:

یہ ایک اور اہم سبق جو آپ 30 سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل ذہن نشین کر سکتے ہیں۔ ناکامی سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

شروع میں تو ہمیں اپنی ناکامی پر دکھ اور پچھتاوا ہوتا ہے مگر عمر گزرنے کے ساتھ ساتھ اندازہ ہوتا ہے کہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے یہ کتنی ضروری تھی۔

4۔ سب کو خوش نہیں رکھا جا سکتا:

انسان ہمیشہ یہ چاہتا ہے کہ اس کی عزت کی جائے، اسے پسند کیا جائے اور اہمیت دی جائے، مگر یہ بات یاد رکھیں کہ آپ اپنے ہر کام کے لئے لوگوں کی رائے کی پرواہ نہ کیا کریں۔

یاد رکھیں ہر کوئی آپ سے متفق نہیں ہو سکتا اور نہ ہی ہر کوئی آپ کو پسند کرے گا۔ یہ بات یاد رکھیں کہ خودداری سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

5- چیزوں کو ان کے پس منظر میں دیکھنا سیکھیں:

بعض اوقات انسان کو ہر وہ چیز بہت اہم لگتی ہے جو اسے حاصل نہ ہو سکے، آپ کی پسند کی نوکری جو آپ کو نہ مل سکے، وہ تعلیمی ادارہ جس میں آپ پڑھنا چاہتے ہوں مگر آپ کا داخلہ نہ ہو سکے، یہ اور ان جیسی بہت سی باتیں اس لیے  بہت اہمیت اختیار کر جاتی ہیں کہ آپ انہیں اہمیت دیتے ہیں۔

کوشش کریں کہ آپ تمام چیزوں کو ان کے پس منظر میں دیکھنا سیکھ لیں۔

 

 

 


متعلقہ خبریں