حزب اختلاف مفادات کا گٹھ جوڑ ہے، شاہ محمود قریشی


ملتان: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بجٹ کا پاس ہونا حکومت کی بڑی کامیابی ہے جبکہ حزب اختلاف میں کوئی نظریاتی ربط نہیں ہے یہ مفادات کا گٹھ جوڑ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون کے جو افراد وزیر اعظم عمران خان سے ملے ہیں انہوں نے اپنی مرضی سے ملاقات کی ہے۔ اور انہوں نے حکومت کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ عام انتخابات کو ابھی ایک سال بھی مکمل نہیں ہوا ہے اور کچھ لوگ وسط مدتی انتخاب کی بات کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت نے حزب اختلاف کی باتیں بڑے تحمل سے سنی ہیں، حزب اختلاف کا دعویٰ تھا کہ بجٹ کو پاس نہیں ہونے دیں گے تاہم پارلیمنٹ میں ان سب کی کلائی کھل گئی۔

انہوں ںے کہا کہ حکومت کو بجٹ پاس کرنے میں واضح کامیابی حاصل ہوئی اور حزب اختلاف کی جماعتیں اس وقت صرف اپنے مفادات کے لیے جمع ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں معیشت میں جلد ٹھہراؤ آنا شروع ہو جائے گا، شاہ محمود قریشی

گزشتہ روز پاک افغان میچ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں اس طرح کا مظاہرہ ٹھیک نہیں تھا تاہم ہم نے اور آئی سی سی نے ان واقعات کا نوٹس لے لیا ہے اور ہم اب یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس سارے معاملے کے پیچھے کس کا ہاتھ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک اور میچ میں بھی ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم لندن کی پولیس نے حالات خراب نہیں ہونے دیے تھے۔


متعلقہ خبریں