سندھ: گرمیوں کی تعطیلات ختم ، تعلیمی سرگرمیاں شروع

سندھ: تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو پیر سے کھولنے ک اعلان

کراچی: سندھ میں گرمیوں کی تعطیلات اختتام پذیر ہوگئی ہیں جس کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں البتہ چند نجی اسکولوں نے ’حسب معمول‘ من مانی کرتے ہوئے مزید ایک ہفتے کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق دو ماہ کی موج مستیوں اور کھیل کود کے بعد پیر کی صبح ہنستے مسکراتے ’پھول‘ سے بچے تعلیمی اداروں میں پہنچے تو اپنے ’ہمجولیوں‘ سے مل کر بہت خوش و مسرور دکھائی دیے لیکن چند کے چہروں پر افسردگی بھی نمایاں تھی کیونکہ وہ ابھی بھی تعطیلات منانے کے ’موڈ‘ میں تھے۔

دو ماہ کی چھٹیوں کے بعد جب والدین اپنے بچوں کو لے کر صدر میں واقع معروف تعلیمی ادارے گئے تو انہیں معلوم ہوا کہ تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس صورتحال پر جہاں والدین ’جھنجھلاہٹ‘ کا شکار دکھائی دیے تو وہیں بچوں کے چہرے پر افسردگی نظر آئی کیونکہ انہوں نے اسکول کھلنے اور ہم جماعتوں سے ملنے کی بڑی بھرپور تیاریاں کی ہوئی تھیں جو دھری کی دھری رہ گئیں۔

حکومت سندھ نے اس مرتبہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر گرمیوں کی تعطیلات کا شیڈول تبدیل کیا تھا جس کی وجہ سے جون جولائی میں ہونے والی تعطیلات مئی جون میں دی گئی تھیں۔

اسکولوں میں پہلے دن طلبا و طالبات کی حاضری نسبتاً کم ہے اور بچے زیادہ تر اپنے ہم جماعتوں کو تعطیلات میں گزارے دنوں کی ’روداد‘ سنانے اور سننے میں مصروف ہیں البتہ ’ذہنی‘ اعتبار سے خود کو تیار بھی کررہے ہیں کہ اب چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں اور پڑھائی شروع ہوگئی ہے تو وہ پورے ذوق و شوق اور لگن سے اپنا نیا ’تعلیمی سفر‘ شروع کریں گے۔


متعلقہ خبریں