ایران نے پابندیوں کا توڑ نکال لیا؟ چینیوں کو ویزے سے استشنیٰ دے دیا

ایران نے پابندیوں کا توڑ نکال لیا؟چینیوں کو ویزے سے استشنیٰ دے دیا

تہران: ایران نے چین کے شہریوں کے لیے ملک میں داخلے کی اولین شرط ’ویزہ‘ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا اولین مقصد ملک میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد کو فروغ دینا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات رونما ہوں گے۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق حکومت نے چین کے باشندوں کے لیے ویزہ کی شرط ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق چینی باشندوں کے لیے ’ویزہ فری‘ ملک قرار دینے سے سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا جس کا منطقی نتیجہ ملکی معیشت پہ مرتب ہوگا۔

ایرانی خبررساں ایجنسی  کے مطابق ایران کی ’سیاحت کونسل‘ کے چیئرمین علی اصغر مونسان کا کہنا ہے کہ ہم اس طرح سے چین کے دو ملین ( 20 لاکھ) سیاحوں کو اپنے ملک کی جانب متوجہ کرسکتے ہیں اور یہی ہمارا ہدف بھی ہے۔

علی اصغر کے مطابق سیاحت کا شعبہ امریکہ  کی جانب سے عاید کردہ سخت ترین اقتصادی پابندیوں کے باعث درپیش معاشی مشکلات کے حل میں بھی معاون و مددگار ثابت ہوگا۔

ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق 12 مارچ سے اب تک 52 ہزار چینی باشندوں‌ نے ایران کی سیاحت کی ہے اور انہوں نے بے حد دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق آنے والا وقت ہی یہ فیصلہ کرے گا کہ امریکی پابندیوں کا ایران کی موجودہ حکومت نے جو ’توڑ‘ نکالا ہے وہ کس حد تک کارگر ثابت ہوتا ہے؟


متعلقہ خبریں