بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے متعلق وزارت توانائی کی وضاحت


پاور ڈویژن نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیاگیاہے، بجلی کی فی یونٹ قیمت 75پیسے بڑھائی گئی ہے،نیپرا نے تمام اقسام کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی ایک روپے 49پیسے بڑھانے کے نرخوں کا تعین کیا تھا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج یکم جولائی سے ہو گیا ہے۔

وزارتِ توانائی (پاورڈویژن)  نے وضاحت کی ہے کہ 300 یونٹس استعمال کرنیوالے گھریلو، 94% کمرشل اورزیرو ریٹیڈ(برآمدی)صنعتی بجلی کے صارفین کیلئے قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

پاورڈویژن کے ترجمان نے حالیہ نیپرا کیجانب سے دو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں کے تعین پر وضاحت دیتے ہوئے ایک بیان میں کہاہے کہ نیپرا کی طرف سے 1.49روپے فی یونٹ تمام صارفین کیلئے اضافے کی منظوری کے باوجود 300یونٹس استعمال کرنیوالے گھریلو، 94فیصد کمرشل اور زیرو ریٹیڈ صنعتی صارفین کیلئے حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

پاور ڈویژن کے مطابق حکومتِ پاکستان کیطرف سے عوام کو ان قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے تمام تر کوششیں کی گئیں۔ان کوششوں کیوجہ سے کم یونٹس استعمال کرنیوالے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ 300یونٹس استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کُل صارفین کا 75فیصد ہیں اور ان کیلئے موجودہ بجٹ میں 54ارب روپے کی سبسڈی رکھی گئی تاکہ انکی بجلی کی قیمت نہ بڑھائی جائے۔

اسی طرح 300یونٹس سے زیادہ استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے بھی حکومت نے نیپرا کی طرف سے متعین کردہ اضافہ یعنی 1.49روپے کی بجائے آدھی قیمت یعنی صرف 75 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا ہے۔

کمرشل صارفین جن کا لوڈ5کلوواٹ تک ہے اور جو کُل کمرشل صارفین کا 94فیصد ہیں کیلئے بھی موجودہ بجلی کی قیمت برقرار رہے گی اور کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

وزارت توانائی کے مطابق زیرو ریٹیڈ (برآمدی) صنعتی صارفین کیلئے موجودہ 7.5 سنٹ فی یونٹ ریٹ برقرار رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے:حکومت نے بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا

زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے نیپراکے مقرر کردہ فی یونٹ کی قیمت سے تقریباََ 50فیصد کم فی یونٹ ریٹ پربجلی فراہم کی جائے گی تاکہ زرعی صارفین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ملے۔


متعلقہ خبریں