کشمیر: بھارتی افواج نے ماہ جون میں 28 کشمیریوں کو شہید کردیا

کشمیر: بھارتی افواج نے ماہ جون میں 28 کشمیریوں کو شہید کردیا

سری نگر: مقبوضہ وادی کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے 28 معصوم و نہتے بے گناہ کشمیریوں کو گزشتہ ایک ماہ (جون2019) کے دوران جعلی مقابلوں میں شہید کیا۔ شہدا میں دو کم عمر نوجوان بھی شامل ہیں۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی افواج کی غیر انسانی و غیر قانونی کارروائیوں کے نتیجے میں تین خواتین بیوہ ہوئیں اور چار بچے یتیم ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران قابض افواج نے ریاستی طاقت کا اندھا دھند استعمال کرتے ہوئے 130 افراد کو شدید زخمی کیا۔

بھارتی افواج نے نہتے کشمیریوں پر تشدد کے لیے فائرنگ کی، بدنام زمانہ پیلٹ گنز کا استعمال کیا اور لاٹھی چارج کرنے کے علاوہ آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔

بھارت کی ریاستی فوج نے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والے پرامن مظاہرین میں سے 97 کو گرفتار کیا جن میں حریت کانفرنس کے رہنماؤں سمیت کم عمر طلبا بھی شامل ہیں۔

مقبوضہ وادی چنار میں اپنی خوف و دہشت بٹھانے کے لیے قابض افواج نے محلوں، علاقوں اور قصبوں میں گھر گھر تلاشی کے نام پر آپریشن کیا جس کے دوران چادر و چہاردیواری کا تقدس بھی پامال کیا گیا۔

قابض بھارتی افواج نے گزشتہ ایک ماہ میں 19 رہائشی مکانات کو مسمار کردیا اوراپنی روایتی وحشیانہ تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک لڑکی کو بھی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بھارتی ریاست کی تمام تر زیادتیوں کے باوجود ہزاروں مظلوم کشمیریوں نے ہلال احمد بٹ کی نماز جنازہ میں شرکت کی جسے ضلع پلوامہ میں فوج نے شہید کردیا تھا۔

نماز جنازہ کے دوران بھارت مخالف نعرے لگانے کے علاوہ شرکا نے حق خود ارادیت کے حق میں بھی نعرے بازی کی۔


متعلقہ خبریں