پاکستان سیمی فائنل کیلئے کیسے کوالیفائی کر سکتا ہے؟


لندن: بھارت کے خلاف انگلینڈ کی فتح نے پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ہی کے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو دھچکہ پہنچایا ہے تاہم دونوں کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات ابھی ختم نہیں ہوئے۔

پاکستانی شائقین کو دعا کرنی چاہیے کہ تین جولائی کو انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ کے میچ میں کیویز کامیاب ہوں۔ ایسا ہونے کی صورت میں پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔

تاہم اگر انگلینڈ اس میچ میں کامیاب ہوتا ہے تب بھی پاکستان سیمی فائنل تک پہنچ سکتا ہے تاہم اس کے لیے گرین شرٹس کو دشوار گزار راستے سے گزرنا ہوگا۔

انگلینڈ کی جیت کی صورت میں بنگلہ دیش کے خلاف صرف فتح سے کام نہیں بنے گا بلکہ بنگال ٹائیگرز کو بھاری مارجن سے شکست دینا ہوگی کیوں کہ پاکستان کا ابھی بھی منفی ہے۔

شائقین کے ذہنوں میں اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے خلاف شرمناک شکست ضرور آرہی ہوگی کیوں کہ گرین شرٹس اگر وہ میچ اتنی بری طرح نہ ہارتے تو رن ریٹ کے حوالے سے پاکستان کی پوزیشن قدر بہتر ہوتی۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کی صورت حال پاکستان سے بھی زیادہ خراب اس لیے نظر آرہی ہے کیوں کہ اسے بھارت اور پاکستان کے خلاف اپنے دونوں میچز میں ہی کامیاب ہونا ہوگا۔

ساتھ ہی بنگال ٹائیگرز کو یہ بھی امید کرنی ہوگی کہ انگلینڈ نیوزی لینڈ کو شکست دے تاکہ وہ 10 سے زیادہ پوائنٹس حاصل نہ کرسکے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائیں تو آسٹریلیا پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے بھی اس مرحلے تک رسائی کے قوی امکانات ہیں۔

بنیادی طور پر سیمی فائنل کی چوتھی نشست کے لیے پاکستان، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔


متعلقہ خبریں