گوگل اور ہواوے میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہونے کا امکان


ہواوے پر عائد کی گئی پابندیوں کے محض ایک ماہ بعد ہی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے یوٹرن لے لیا اور امریکی کمپنیوں کو اس کے ساتھ تجارت کے حوالے سے آمادگی ظاہر کر دی۔

انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ  سے حالیہ ملاقات کے دوران امریکی کمپنیوں کو ہواوے کے ساتھ اعلیٰ ٹیکنالوجی کی خرید و فروخت کی اجازت دینے کا اشارہ کیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق اس بات کا حتمی امکان ہے کہ سافٹ ویئرز بنانے والی کمپنیوں، گوگل، کوال کوم اور انٹل، کو بھی ہواوے کے ساتھ کاروبار کی اجازت مل جائے گی۔

اس ضمن میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سلیکون ویلی کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے وہ قابل ستائش ہے، دنیا میں کوئی بھی ان کے ساتھ مقابلے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں (سیلیکون ویلی) کو اجازت دے دی ہے تاکہ وہ اپنی مصنوعات ہواوے کو بیچ سکیں۔

امریکی صدر کے اس بیان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ گوگل اور ہووائے آپس میں تجارتی سرگرمیاں بحال کر سکتے ہیں تاہم اب یہ ان دونوں کمپنیوں پر منحصر ہے کہ وہ اس میں دلچسپی رکھتے ہیں یا نہیں۔

یاد رہے ایک ماہ قبل امریکہ کی جانب سے ہواوے کو دنیا بھر میں بلیک لسٹ کرنے کے بعد گوگل نے بھی چینی کمپنی کو ہری جھنڈی دکھا دی تھی جس کی وجہ سے صارفین گوگل پلے اسٹور استعمال نہیں کر سکتے تھے۔


متعلقہ خبریں