سابق حکمران جیل میں ہوں گے، فواد چوہدری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبانے والے سابق حکمران جلد جیل میں ہوں گے اور کوئی باہر نظر نہیں آئے گا۔

فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور ماڈل ایان علی کو ایک ہی اکاؤنٹ سے ادائیگیاں ہوئیں بلاول کو آصف زرداری سے اس بارے میں پوچھنا چاہیے۔

فواد چودھری نے چھانگا مانگا کی سیاست کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے پارٹی پر قبضے کے بعد اب لیگی رہنما خود تحریک انصاف کی طرف آ رہے ہیں اور وہ انہیں صرف آشیانہ دیں گے۔ مسلم لیگ نون ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے۔

فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ گورنر سندھ جادوگر آدمی ہیں وزیر اعظم عمران خان اجازت دیں تو سندھ میں 48 گھنٹے میں تبدیلی آ جائے گی کیونکہ سندھ میں بھی ہمارے نمبر پورے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پیپلزپارٹی کے 19 ارکان سندھ اسمبلی رابطے میں ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری چینی مافیا کے لوگ تھے جنہوں نے زراعت کو تباہ کر دیا اور انہیں کی وجہ سے کپاس اور دیگر فصلیں ختم ہو گئیں۔ چینی مافیا کے لوگ کئی عرصے سے اقتدار میں رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کا کلچر لائے ہیں اب پٹواری اور تھانیدار کی کرپشن بھی ختم ہونی چاہیے۔ یہاں اوپر کی کرپشن تو ختم ہو گئی اب نیچے کی کرپشن میں بھی کمی آئے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں 9 ٹریلین روپیہ گیا لیکن نکلا دبئی اور لندن سے۔ ان لوگوں کے تو کلرکوں نے بھی راڈو گھڑیاں پہنی ہوئی تھیں۔ ہم پاکستان کے وسائل میں اضافے کے لیے انڈسٹری کو بڑھانے جا رہے ہیں اور ہماری پالیسی بہت سادہ ہے آمدن بڑھائیں گے درآمدات میں کمی لائیں گے۔

وفاقی وزیر نے مہنگائی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی چیز ملک میں بناتے نہیں ہیں جبکہ زرعی ملک ہونے کے باوجود دالیں بھی باہر سے منگوائی جاتی ہیں۔ بلوچستان کے نمائندوں کو کروڑوں روپے دیے گئے تھے لیکن وہ کہاں گئے ؟


متعلقہ خبریں