رانا ثناء اللہ کی گرفتاری، ن لیگ کا اعلیٰ سطحی اجلاس طلب

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے معاملے پر پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔

ذرائع کےمطابق مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اجلاس طلب کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کی قیادت کو آج ہی لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال اور پارٹی کی آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں حزب اختلاف جماعتوں کے رہنماؤں کی مختلف الزامات کے تحت تواتر سے گرفتاریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے آج اے این ایف نے گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہونے پر رانا ثناءاللہ کو گرفتار کر لیا تھا۔

اے این ایف کے ترجمان ریاض سومرو نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کو کل ریمانڈ کے لئے نارکوٹکس کورٹ میں پیش کیا جائے گا، ان کی گرفتاری بہت سے شواہد اور ثبوتوں کی روشنی میں کی گئی ہے۔

اے این ایف کے ترجمان نے کہا کہ رانا ثنااللہ سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، بہت جلد معلومات منظرعام پر آ جائیں گی۔

 


متعلقہ خبریں