اشرف انصاری کے محافظوں کی فائرنگ، مقدمہ ن لیگی رہنماؤں کیخلاف درج


گوجرانوالہ: رکن پنجاب اسمبلی اشرف انصاری کے محافظوں کی جانب سے مبینہ طور پر فائرنگ کے معاملے پر پولیس نے مقدمہ فائرنگ کرنے والے افراد کی بجائے مظاہرین اور ن لیگی رہنماؤں کے خلاف درج کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق مقدمہ اشرف انصاری کے بھائی یونس انصاری کی درخواست پر درج کیا گیا۔

ن لیگ کے ایم این اے عثمان ابراہیم، ایم پی ایز توفیق بٹ اور نواز چوہان کے خلاف ایماء کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ میں ن لیگ کے 35 کارکنوں کے خلاف اقدام قتل، بلوہ کرنے اور قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ن لیگی کارکنوں عامر سہیل، اویس بٹ، شہباز بھٹی، ولید آصف بٹ اور عثمان بٹ نے حملہ کیا جو کہ 10 سے 15 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔

مقدمے میں ن لیگ کے 30 کارکنوں کو نامعلوم ظاہر کیا گیا، جنہیں بعد میں نامزد کیا جائے گا۔

یونس انصاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے جس وجہ سے مجھے قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

انہوں نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا ہے کہ بیرسٹر عثمان ابراہیم اور ممبران صوبائی اسمبلی مجھ پر دباؤ ڈالتے رہے ہیں۔

بیرسٹر عثمان ابراہیم گزشتہ دور میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سمیت اہم وزارتوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں