رانا ثنا اللہ کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا



لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتاری کے بعد 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیاہے۔

اے این ایف نے سابق وزیرقانون کو لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا اور14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی  جو عدالت نے منظور کرلی۔

رانا ثنا اللہ اور دیگر6 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔دیگر ملزمان میں اکرم ، عمر فاروق ، عامر رستم ، عثمان احمد اور سبطین خان شامل ہیں۔

رانا ثنا اللہ خان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نےعدالت میں دلائل دیتے ہوئے  کہا کہ سیاسی کیس بنا کر ان کے موکل کو گرفتار کیا گیاہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے رانا ثنااللہ سے مشاورت کی اجازت طلب کی تو عدالت نے کہا کمرہ عدالت بھرا ہوا ہے اجازت نہیں دے سکتے۔

رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ کمرہ خالی کرالیتے ہیں دس منٹ کے لیے مشاورت کی اجازت دی جائے ،اس پر عدالت نے استدعا منظور کرلی۔

رانا ثنااللہ خان کو گزشتہ روز موٹروے پر اے این ایف  نےگرفتار کیا تھااور ان کےخلاف مقدمہ  بھی گزشتہ روز ہی درج کر لیاگیاتھا۔

اے این ایف کے ترجمان ریاض سومرو نے گزشتہ روز رانا ثنا اللہ خان گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی ہے اور ان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔

رانا ثنااللہ پر درج ایف آئی آر میں منشیات ایکٹ کی  9 سی، 15، 17 اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مخبر نے اطلاع دی راناثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ہے، انکی گاڑی کو روکنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی، موٹر وے سے آنیوالی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔

رانا ثنااللہ کی گاڑی کو موٹروے پر روکا تو انکے ساتھیوں نے مزاحمت کی ۔روکے جانے پر رانا ثنا اللہ نے اے این ایف کے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی ۔

اے این ایف کی طرف سے درج ایف آئی آر میں کہا گیاہے کہ رانا ثنااللہ کی گاڑی سے 15کلو ہیروئن سمیت 21کلو منشیات برآمد کی گئی ہیں۔

اے این ایف کے ترجمان نے کہا تھا کہ رانا ثنااللہ سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، بہت جلد معلومات منظرعام پر آ جائیں گی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص کی عدالت کے باہر اور اندر سراغ رساں کتوں کی مدد سے سیکیوڑتی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیاہے۔ رانا ثناء اللہ کی پیشی کے موقع پر ضلع کچہری کے اطراف کی سڑکیں کنٹینرز، خاردار تاریں اور رکاوٹیں لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔

ضلع کچہری کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری اور اینٹی رائٹس فورس کے دستے تعینات کردیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: انسداد منشیات فورس نے رانا ثناءاللہ کو گرفتار کر لیا

مسلم لیگ ن لاہور نے کارکنوں کو ضلع کچہری پہنچنے کی کال دے رکھی ہے۔ رانا ثنااللہ خان  سے اظہار یکجتی کے لیے لیگی رہنما ضلع کچہری پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی وحید احمد خان اور سید توصیف شاہ ضلع کچہری پہنچ گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں