سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی نیب راولپنڈی میں طلبی



اسلام آباد:  مسلم لیگ ن کے سینیئرنائب صدر اور سابق وزیر داخلہ ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے نیب راولپنڈی میں اپنا بیان ریکارڈ کرادیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا بیان ریکارڈ کیا۔تحریری جواب دینے کے لیے سوالنامہ بھی احسن اقبال کے حوالے کر دیا گیاہے۔

نیب راولپنڈی  کی طرف سے جاری نوٹس میں ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کو تین جولائی یعنی آج اسلام آباد میں واقع نیب راولپنڈی کے دفتر میں طلب کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن اقبال نے اپنے حلقے میں اربوں روپے کی لاگت سے اسپورٹس سٹی تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔

احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے خلاف قانون 3 ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا۔

ذرائع کے مطابق نارووال میں اسپورٹس سٹی کی تعمیرکے حوالے سے  پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھی اختیارات سے تجاوز کیاہے ۔

نیب میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ میٹرو پشاورکی انکوائری  بھی ہونی چاہیے‏،پورے پشاورمیں گڑھے پڑےہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‏نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ 90 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ یہ کہنا کہ نارووال اسپورٹس سٹی سرحد کےقریب ہے یہ بے بنیاد بات ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ انہوں  نے کراچی،گوادر،گلگت سمیت پورے ملک میں ترقی کی علامتیں کھڑی کی ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید  بھی احسن اقبال پر مبینہ کرپشن کے الزامات عائد کرتے چلے آرہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:احسن اقبال سے کہتا ہوں آپ کے گھبرانے کا وقت آگیا، مراد سعید

13جون کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کی گئی ایک پریس کانفرنس میں مراد سعید نے کہا تھاکہ  ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا لازمی ہے،احسن اقبال سے 5سوال کیے تھے کسی سوال کا جواب نہیں آیا۔ اب احسن اقبال کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتاہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مراد سعید نے کہا کہ ہم نے اب تک این ایچ اے کے چار سو تیس کروڑ روپے ریکور کیے۔

انہوں نے کہا کہ نہ کبھی احسن اقبال سے سوالات کے جوابات آئے اور نہ آئیں گے۔ ہم ان سے چوبیس ہزار کا جب پوچھتے ہیں تو جواب نہیں آتا۔

مراد سعید نے الزام عائد کیا کہ احسن اقبال دوسری وزارتوں کے کام میں مداخلت کرتے رہے ہیں ہم سارے ثبوت نیب کو دے چکے ہیں،ہم ایک ہفتے کے اندر کمیشن میں ڈیٹا فراہم کردیں گے۔

مراد سعید نے کہا جاوید صادق ان کا ساتھی ہے اور اس کے تمام ثبوت موجود ہیں۔احسن اقبال پلاننگ کے منسٹر اور دستخط مواصلات کے منصوبوں پر کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: احسن اقبال کی وجہ سے قومی خزانے کو 50 ارب کا نقصان پہنچا ، مراد سعید


متعلقہ خبریں