رانا ثنا کو وزیراعظم کی ذاتی ایما پر گرفتار کیا گیا، مریم اورنگزیب کا الزام


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان رانا ثناءاللہ سے خوفزدہ ہیں، اسی لئے عمران صاحب کے ذاتی حکم اور ایما پرانکی گرفتاری ہوئی ہے۔

مریم اورنگزیب نےرانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہاہے کہ عمران صاحب رانا ثنااللہ نواز شریف کا شیر ہے، آپ کے ہر جھوٹے اور چھوٹے وار کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیکر کہا کہ آپ اتنے نالائق ہیں کہ آپ سے دوسرے پہ الزام بھی عقل سے نہیں لگایا جا سکتا، آپ کے کل کے جھوٹے اور چھوٹے وار کی وجہ سے پورا پاکستان رانا ثناااللہ کی بے گُناہی کی گواہی دے رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب جس مرضی کو گرفتار کر لیں ، جو مرضی کر لیں ، جس مرضی کو بند کر دیں سیلیکٹڈ وزیراعظم اور علیمہ باجی چور ہے کا نعرہ بند نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب  رانا ثنااللہ کے خلاف کوئی کرپشن اور جھوٹے ماڈل ٹاؤن کیس میں کچھ نہیں مِلا تو گھٹیا الزام لگانے کو کوشش کی گئی۔  رانا ثنااللہ سے اتنا خوف کہ آپ نے اپنے جیسا اتنا گِرا ہوا الزام لگایا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کِس کِس پہ کیا کیا الزام لگوائیں گے، آپ کو نالائق ، نااہل اور سیلیکٹڈ تو 22 کروڑ عوام کہہ رہی ہے۔ جس وقت آپ بے نامی جائیدادیں بنا رہے تھے رانا ثنااللہ مشرف کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے تھے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب رانا ثناااللہ کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرنے سے پہلے اُن کی سیاسی تاریخ کا مطالعہ کر لیتے۔

یہ بھی پڑھیے: رانا ثنا کی گرفتاری پر وزیراعلی پنجاب اور صوبائی حکومت کے ترجمان کا تبصرہ

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان رانا ثناءاللہ سے خوفزدہ ہیں، اسی لئے عمران صاحب کے ذاتی حکم اور ایما پر گرفتاری ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں