جنوبی پنجاب کے 10,800 اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ


لاہور:پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے 10,800 اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نےا سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا کام دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے متعلقہ حکام کو اس ضمن میں فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے ۔ پنجاب کی یونیورسٹیوں کو بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

پہلے مرحلے میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔بتدریج دیگر یونیورسٹیوں کو بھی سولر انرجی پر شفٹ کیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں جہاں ٹرانسمیشن لائنز موجود نہیں، وہاں پر سولر انرجی کے ذریعے بجلی فراہم کریں گے۔

عثمان خان بزدار نے کہا کہ راجن پور، چولستان، تھل اور ڈیرہ غازی خان کے دور افتادہ علاقوں میں عوام کو سولر انرجی کے ذریعے بجلی مہیا کی جائے گی۔دور دراز کے گاؤں میں بسنے والے لوگوں کو بجلی دینے کیلئے آف گرڈسلوشن پر جائیں گے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے بنیادی مراکز صحت کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ واٹر سپلائی اسکیموں کو بھی شمسی توانائی کے ذریعے چلایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے  بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ  وزیراعلیٰ ٹاسک فورس بجلی چوری روکنے کے لئے بلاامتیاز اایکشن جاری رکھے۔چوری میں معاونت کرنے والے سرکاری عملے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

عثمان خان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں سورج سے توانائی حاصل کرنے کا بہت پوٹینشل ہے۔اسکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کرنے کا پروگرام پاکستان کے مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔ اس اہم پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سولر پینل کی تنصیب سے اسکولوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت اجلاس میں انہیں بریفنگ بھی دی گئی ۔

وزیر اعلی پنجاب کو بتایا گیاکہ اب تک 3ہزار سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔بجلی چوری کے خلاف مہم کے دوران گزشتہ 9 ماہ کے دوران 32 ہزار مقدمات درج کئے گئے ہیں۔بجلی چوری کے الزام میں ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کو سیکرٹری توانائی نے اپنے محکمے کی کارکردگی، اسکولوں اور گاؤں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے پراجیکٹس اور توانائی کے نئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب: اسکولوں میں آٹھ ارب کی رقم سے لگائے گئے سولر پینلز ناقص نکلے

چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری توانائی،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ، ایم ڈی پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ اور متعلقہ حکام  اجلاس میں شریک ہوئے۔


متعلقہ خبریں