ورلڈکپ: کیا پاک-بھارت سیمی فائنل اب بھی ممکن ہے؟


لندن: ورلڈ کپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور ابتدائی میچز میں ناقص کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔

تاہم یہ ممکنہ سیمی فائنل کس ٹیم سے ہوگا؟ یہ سوال ہر کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے ہر پاکستانی کے ذہن میں موجود ہے۔ اس حوالے سے ورلڈ کپ میں دلچسپ صورت حال بنی ہوئی ہے۔

پاکستانی شائقین کو سب سے پہلے تو یہ دعا کرنی چاہیے کہ آج بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان میچ میں پڑوسی ملک کامیاب ہو۔

ایسا ہونے کی صورت میں بنگلہ دیشی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہوجائے گی اور بھارت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔

اس طرح سیمی فائنل کی بچنے والی دو نشستوں کے لیے تین ٹیموں یعنی نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

11 پوائنٹس کے ساتھ کیویز تینوں ٹیموں میں سب سے مضبوط پوزیشن میں ہے اور قوی امکان ہے کہ یہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائیں گے۔

اس کے بعد سیمی فائنل کی ایک نشست کے لیے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

پاکستان کے نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو گرین شرٹس کے لیے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ بہت اہم ہے کیوں کہ میزبان ٹیم کی فتح کی صورت میں پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنا اس کے منفی رن ریٹ کے باعث بہت مشکل ہوجائے گا۔

ایسی صورت میں گرین شرٹس کو بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست دینی ہوگی۔

تاہم اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم اس میچ میں کامیاب ہوجاتی ہے تو نہ صرف وہ خود سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلے گی بلکہ پاکستان کے لیے بھی صورت حال آسان ہوجائے گی۔

ایسی صورت میں پاکستان کو صرف بنگلہ دیش کو شکست دینا ہوگی تاہم ہار کی صورت میں انگلینڈ سیمی فائنل کھیلے گا۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل کے امکانات موجود ہیں؟ اس جواب ہے ہاں ایسا بالکل ہوسکتا ہے۔

لیگ اسٹیجز میں سب سے اچھی کارکردگی دکھانے والی ٹیم کو پہلی پوزیشن ملتی ہے جبکہ پاکستان اگر کوالیفائی کرتا ہے تو اس کو چوتھی پوزیشن ہی مل سکے گی۔

بھارت اگر بنگلہ دیش اور سری لنکا کو شکست دے دے اور آسٹریلیا اپنا آخری میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ہار جائے تو بھارت پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلے گی جبکہ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست اور پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے بعد گرین شرٹس چوتھے نمبر پر آجائیں گے۔

ایسی صورت حال میں 2011 عالمی کپ کی طرح پاکستان اور بھارت ایک مرتبہ پھر سیمی فائنل میں ٹکرائیں گے۔


متعلقہ خبریں