روسی بری افواج کے کمانڈر کی آرمی چیف سےملاقات


راولپنڈی : روسی بری افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل اولیگ سالیکوف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے  ملاقات کی ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی ہم منصب کی ملاقات میں سیکیورٹی اور تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان  سیکیورٹی اور تربیتی امور میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعاون سے پورے خطے میں امن و استحکام  کی صورتحال بہتر ہو گی اور اقتصادی خوشحالی آئے گی۔

روسی فوج  کے سربراہ جنرل اولیگ سالیکوف نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں لائق تحسین ہیں، دنیا کو پاکستان کی کامیابیوں کا معترف ہونا چاہئیے۔

جنرل سالیکوف نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ مضبوط اور وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر روسی فوج کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل سالیکوف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔


متعلقہ خبریں