رانا ثناء اللہ کی جیل میں طبعیت بگڑ گئی

رانا ثناء اللہ کی جیل میں طبعیت بگڑ گئی

سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی جس پر جیل ڈاکٹر کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا۔

ذرائع کیمپ جیل کے مطابق بیرک میں گرمی اور حبس کی وجہ سے رانا ثناء اللہ کی طبیعت خراب ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جیل کے ڈاکٹر اپنے کسی کام کی وجہ سے  باہر گئے ہوئے تھے۔

دوسری جانب آئی جی جیل نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو فون کر کے صورتحال سے آگاہی حاصل کی۔

یاد رہے کہ رانا ثناء اللہ خان کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتاری کے بعد 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ۔

اے این ایف نے سابق وزیر قانون کو لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا اور14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرلی۔

اے این ایف کے ترجمان ریاض سومرو نے گزشتہ روز رانا ثنا اللہ خان گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی ہے اور ان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔

رانا ثنااللہ پر درج ایف آئی آر میں منشیات ایکٹ کی  9 سی، 15، 17 اور دیگر دفعات شامل ہیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مخبر نے اطلاع دی راناثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ہے، انکی گاڑی کو روکنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی، موٹر وے سے آنیوالی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔

رانا ثنااللہ کی گاڑی کو موٹروے پر روکا تو انکے ساتھیوں نے مزاحمت کی ۔روکے جانے پر رانا ثنا اللہ نے اے این ایف کے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی ۔

اے این ایف کی طرف سے درج ایف آئی آر میں کہا گیاہے کہ رانا ثنااللہ کی گاڑی سے 15کلو ہیروئن سمیت 21کلو منشیات برآمد کی گئی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں