گاڑی مالکان کے لیے بڑی خوشخبری

گاڑی مالکان کے لیے بڑی خوشخبری

فوٹو: فائل


لاہور: حکومت نے گاڑی مالکان کو خوشخبری سنا دی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گاڑیوں پر انکم ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس کے پرانے نرخ بحال کر دیے۔

ایف بی آر نے گاڑیوں کی نئی رجسٹریشن، تبادلہ اور ٹوکن ٹیکس ادائیگی سمیت سیٹ کے حساب سے ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

ایکسائز حکام کے مطابق گاڑی مالکان سابقہ نرخوں کے مطابق ہی اب اپنی گاڑی کا تبادلہ، رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس ادا کر سکیں گے تاہم نان فائلرز پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز مسعود الحق کے مطابق سابق نرخوں کو کل سے سسٹم میں اپ ڈیٹ کر دیا جائے گا اور پھر اسی کے مطابق ہی پرانے نرخوں پر محکمہ ایکسائز ٹیکس کی وصولی شروع کر دے گا۔

یہ بھی پڑھیں صوبہ سندھ میں آن لائن ٹیکسی سروسز پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد

نئے مالی سال کے آغاز پر گاڑی مالکان کو ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 600 فیصد تک اضافے کی بری خبر سنائی گئی تھی۔ جس میں 850 سی سی انجن تک کی گاڑیوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس جو پہلے فائلر کے لیے ساڑھے 7 ہزار اور نان فائلرز کے لیے 10 ہزار روپے مقرر تھا اسے بڑھا کر فی سیٹ 7 اور 10 ہزار روپے کر دیا گیا تھا۔

ایک ہزار سی سی سے 13 سو سی سی کی گاڑیوں پر فائلرز کے لیے 25 ہزار جبکہ نان فائلرز کے لیے 40 ہزار روپے فی سیٹ مقرر کی گئی تھی۔ اسی طرح 1301 سے 1600 سی سی تک کی گاڑیوں پر فائلر کو 50 ہزار روپے فی سیٹ اور نان فائلرز کو ایک لاکھ روپے فی سیٹ اضافی دینا تھے۔


متعلقہ خبریں