نیوزی لینڈ کو شکست، پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی ’تقریباً ناممکن‘


چیسٹرلی: ورلڈکپ 2019 میں میزبان ٹیم انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 306 رنز ہدف کے تعاقب میں 45 ویں اوور میں 186 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کے لئے بنگلہ دیش کو 316 رنز سے شکست دینا ہو گی۔

کیویز کی جانب سے ٹام لیتھم 57 اور روز ٹیلر 28 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل چیسٹرلی کے میدان میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں  انگلینڈ نے کیویز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سلامی بلے باز جیسن روئے اور بیر اسٹرو نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا دونوں کھلاڑیوں کے مابین 123 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، روئے 60 رنز بنا کر نیشم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، پہلی وکٹ گرنے کے باوجود انگلینڈ نے تیز رفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم با آسانی 350 سے اوپر رنز بنا لے گی، تاہم بولٹ نے یکے بعد دیگرے رووٹ اور بٹلر کو آؤٹ کر دیا، جبکہ بیراسٹرو کی اہم وکٹ ہنری لے اڑے۔

اہم وکٹیں تواتر سے گرنے کے بعد اوئن مورگن الیون کی رنز بنانے کی رفتار تھم گئی اور انہوں نے اپنے  مقررہ 50 اوورز میں  8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے بیراسٹرو 106، جیس روئے 60 اور مورگن 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ بولٹ، ہینری اور نیشم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 


متعلقہ خبریں