ایمنسٹی اسکیم کا آخری روز



اسلام آباد:کالے دھن کو سفید کرنے کا آج آخری دن ہے،بنکنگ اوقات کے دوران ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے،چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے مطابق ایسیٹس ڈیکلریشن یعنی اثاثہ جات ظاہر کرنے(ایمنسٹی اسکیم) کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

شبر زیدی نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے تمام ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ بے نامی اثاثے رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کے انتظامات مکمل کرلیے گیے ہیں۔

ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کے مطابق ایسے افراد جو حکومت کی ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے ان کے خلاف رات بارہ بجے کے بعد بے نامی کمیشن فعال کر دیا جائے گا ۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اثاثہ جات اسکیم میں اب تک 95000 افراد نے خود کو رجسٹرڈ کرایا ہے۔

ایک خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معمولی سے ٹیکس کے عوض اپنے اثاثوں کو قانونی بنانے کا یہ بہت اچھا موقع ہے، ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اثاثے ڈیکلیئر کرنے کی اسکیم کامیاب ہو گی تاہم چیئرمین ریونیو بورڈ نے یہ بات واضح کی کہ اس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

شبر زیدی نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد محصولات میں اضافہ نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا کرمعیشت کو دستاویزی شکل دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے پہلے ہی لوگوں کی جائیداد اور اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں اور انہیں ویب سائیٹ پر ڈال دیا ہے۔

وزیر مملکت ریونیوحماد اظہر نے پیر کے روزبتایا تھا کہ 80 ہزار افراد بے نامی اثاثہ جات ظاہر کرنے کے لیے حکومت سے رابطہ کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ’اثاثہ جات ڈیکلیریشن اسکیم میں 95000 افراد رجسٹر ہو چکے ہیں‘


متعلقہ خبریں