لاہور: ائرپورٹ کے لاؤنج میں فائرنگ، دو افراد جاں بحق



لاہور: علامہ اقبال ائر پورٹ کے لاؤنج میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن کی شناخت نفیس اور زین کے نام سے ہوئی ہے۔

فائرنگ کے بعد رینجرز اور اے ایس ایف کے دستے پہنچ گئے ہیں جب کہ ائر پورٹ کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔

گولی چلنے کی آواز سنتے ہی ائر پورٹ پر خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی تاہم اسلحہ بردار شخص کے بارے میں مزید تفصیلات موصول نہیں ہوسکیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ابتدائی طور پر ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔ نفیس نامی زخمی کو فوجی فاونڈیشن اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

سپریٹینڈنٹ پولیس افسر نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کی شناخت ارشد اور شان کے نام سے ہوئی ہے۔

ائر پورٹ کا علاقہ تھانہ سرور روڈ کی حدود شامل ہے اور متعلقہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ابتدائی طور پر حکام نے قتل کے اس واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

پولیس کے مطابق آج ائر پورٹ پر جاں بحق ہونے والا ایک شخص پیپلز پارٹی کے رہنما بابر بٹ کے قتل میں نامزد تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بابر بٹ کو 2017 میں قتل کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے روپورٹ طلب کرلی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں