راہول گاندھی نے استعفی واپس لینے سے انکار کردیا

راہول گاندھی

انڈین نیشنل کانگریس کے صدرراہول گاندھی نے استعفی واپس لینے سے انکار کردیاہے، بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس ایک ہفتے میں نئے پارٹی سربراہ کا انتخاب عمل میں لائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی نے کہاہے کہ کانگریس کو جلد اور بغیر کسی مزید تاخیر کے نیا صدر چن لینا چاہیے۔

راہول گاندھی نے کہاہے کہ وہ کانگریس کے سربراہ کے چناؤ کےعمل کا حصہ  بھی نہیں  بنیں گے کیونکہ وہ پہلے ہی استعفی دے چکے ہیں۔

بھارت میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت  کانگریس کی انتخابات میں دوسری بار ناکامی کے بعد راہول گاندھی نے 25 مئی کو استعفی دیا تھا۔

کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس میں استعفیٰ پیش کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں موجود اہم رہنماؤں سونیا گاندھی، من موہن سنگھ، امریندر سنگھ، غلام نبی آزاد، شیلا ڈکشٹ سمیت تمام ہی اراکین نے راہول گاندھی کے فیصلے کو مسترد کردیا جس پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے استعفیٰ نامنظور کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:بھارتی انتخابات میں مودی نے میدان مار لیا

راہول گاندھی کو اپنی آبائی نشست سے  بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما سمرتی ایرانی سے شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

رواں سال ہونے والے بھارتی انتخابات میں  542 نشتوں میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے 300، کانگریس نے 52، اے ڈی ایم کے نے 23، شیو سینا نے 18 اور دیگر چھوٹی بڑی جماعتوں نے 112 نشستیں حاصل کیں۔

بی جے پی اور اس کے اتحادیوں پر مشتمل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے 345 نشستوں پر فتح حاصل کی۔ کانگریس اتحاد یونائیٹڈ پراگریسو الائنس صرف 94 نشستیں جیت سکا تھا۔


متعلقہ خبریں