’’زرداری، نواز آدھی رقم بھی واپس کر دیں تو ڈالر نیچے چلا جائے گا‘‘

’’زرداری، نواز آدھی رقم بھی واپس کر دیں تو ڈالر نیچے چلا جائے گا‘‘

فوٹو: ہم نیوز


راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف آدھی رقم بھی واپس کر دیں تو ڈالر نیچے اور ملکی کرنسی اوپر آنا شروع ہو جائے گی، اب نیا پاکستان بننا شروع ہو گیا ہے۔

وزیر اعظم نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر نئی ٹرین سرسید ایکسپریس کے افتتاح سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نچلے طبقے کو اوپر لے کر آئیں گے اور احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا بہترین پلان ہے جس کے تحت 200 ارب روپے نچلے طبقے پر خرچ کریں گے۔

عمران خان نے ایک بار پھر این آر او سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی این آر او نہیں ملے گا یہ چاہیں کسی کے پاس بھی چلے جائیں۔ انہوں ںے جتنا مرضی شور کرنا ہے کر لیں لیکن جواب ضرور لیں گے کیونکہ ملک کا دیوالیہ ان تھوڑے سے لوگوں نے ہی نکالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان کے بچے بھی ارب پتی بن گئے لیکن قوم مقروض ہو گئی، گزشتہ 10 سالوں میں صرف 2 حکومتیں پاکستان کا قرضہ 30 ہزار اب پر لے گئیں اور اب ان سب کی باہر اربوں روپے کی جائیدادیں موجود ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا بلکہ انہوں نے میرے خلاف مقدمات بنائے تھے جب میں نے پانامہ کی بات کی تھی اور جن کا میں نے سپریم کورٹ میں جواب بھی جمع کرایا بھاگ نہیں گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے ریکارڈ خسارے میں تھے جس کے پیچھے کرپشن تھی۔ یہ کرپشن ہی ہے جو ایک چھوٹے سے طبقے کو امیر بنا دیتی ہے اور ملک  وسائل کی کمی کے باعث نہیں کرپشن کے باعث غریب ہوتا ہے کیونکہ کرپشن کا مطلب عوام کا پیسہ چوری ہونا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کی جیلوں میں صرف اور صرف غریب آدمی ملتے ہیں لیکن جنہوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی وہ وی آئی پی کھانا، اے سی اور ٹی وی مانگتے ہیں لیکن اب جیلوں میں بڑے اور چھوٹے ڈاکو کو ایک طرح سے ہی سہولیات دی جائیں گی۔

وزیر اعظم نے ریلوے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو ریلوے میں 36 ارب روپے کا خسارہ تھا لیکن وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد خسارہ ختم کر کے 32 ارب روپے کا منافع لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز پر ایک ہزار کھوکھے دیے گئے ہیں اور اب بے روزگار افراد ان کھوکھوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ریلوے کے نظام کو بہتر کرنے اور بہت کم عرصہ میں خسارہ ختم کرنے پر شیخ رشید اور ان کی وزارت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا میں محنت کش آدمی کے لیے ریلوے کا سفر آسان ہے اور یہ عام آدمی کا سفر ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے ٹرین کی مزید پٹریاں بچھانا ہوں گی جدید ریلوے نظام کے بعد کراچی سے لاہور 8 گھنٹے میں ٹرین پہنچے گی۔


متعلقہ خبریں