پوائنٹس ٹیبل: پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر


لندن: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر نہ صرف سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر بھی آگئے۔

پاکستان کے لیے سیمی فائنل کی رسائی تقریباً ناممکن نظر آرہی ہے۔ جمعے کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کو 316 رنز کے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہوگی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اگر پاکستانی ٹیم 400 رنز بنالے تو اسے بنگلہ دیش کو 84 یا اس سے کم رنز تک محدود کرنا ہوگا۔

۔—بشکریہ کرک انفو۔

یہ کہا جائے کہ پاکستان کا ورلڈ کپ اختتام کو پہنچ گیا تو یہ غلط نہ ہوگا کیوں کہ کوئی معجزہ ہی گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں لے جاسکتا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائیں تو ابھی بھی آسٹریلیا کی 14 پوائنٹس کے ساتھ حکمرانی برقرار ہے۔ کنگروز کو ابھی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک میچ کھیلنا ہے۔

دوسرے نمبر پر 13 پوائنٹس کے ساتھ بھارتی ٹیم موجود ہے جسے اب سری لنکا کے مدمقابل آنا ہے۔

انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہراکر چوتھے نمبر پر آگئی ہے اور آسٹریلیا اور بھارت کے بعد سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔

نیوزی لینڈ بھی تقریباً سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے اور پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف معجزاتی فتح ہی اسے سیمی فائنل کی نشست سے دور رکھ سکتی ہے۔

پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر براجمان ہے جبکہ سری لنکا کی چھٹی پوزیشن ہے۔

اسی طرح بنگلہ دیش کی ساتویں، جنوبی افریقہ کی آٹھویں اور ویسٹ انڈیز کی نویں پوزیشن ہے۔

ورلڈ کپ کے تمام میچز ہارنے والی افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔


متعلقہ خبریں