بلاول بھٹو کو ’کلین چٹ‘ دینے کی اطلاع غلط نکلی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو کسی بھی کیس میں کلین چٹ ملنے کی اطلاع غلط نکلی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاونٹس کیس میں تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں کسی کیس میں بھی کلین چٹ نہیں دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پارک لین کیس سے متعلق مزید ثبوت حاصل کیے جا رہے ہیں اور نیب قانون کے مطابق کسی بھی وقت کسی کے بھی خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں آصف زرداری کیخلاف پارک لین ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

واضح رہے کہ نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی تاہم بلاول بھٹو زرداری کے خلاف اطلاعات گردش کر رہی ہے کہ انہیں اس کیس میں کلین چٹ دے دی گئی ہے۔

نیب کا کہنا تھا کہ پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نیب 2 مقدمات پارک لین اور پارک لین پرتھنن کیس میں الگ الگ تحقیقات کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے گزشتہ روز جعلی اکاؤنٹس کیس کے بعد پارک لین کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی گرفتار ظاہر کی تھی۔

نیب ذرائع کے مطابق آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے جس کی اصل مالیت 3 ارب روپے سے زائد ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔


متعلقہ خبریں