پاکستان سے عازمین حج کی روانگی شروع


حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے پاکستان سے عازمین حج کی روانگی شروع ہو گئی ہے ۔ لاہور سے دو سو چودہ عازمین حج کو لے کر پہلی پرواز حجاز مقدس روانہ ہوگئی ۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے دس شہروں سے عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ کوئٹہ سے بھی عازمین حج کے لیے فلائٹ چلائی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کل اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے ۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پہلی حج  پرواز آج علی الصبح چار بج کر پینتالیس منٹ پر روانہ ہوئی ۔دو سو چودہ خوش نصیب عازمین حج کو صوبائی وزیر برائے مذہبی امور سعید الحسن نے رخصت کیا ۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان جمعے کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا افتتاح کرینگے ۔

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت بائیس ہزار عازمین حج اپنی امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر کرا کے جدہ اور مدینہ ایئرپورٹ پر امیگریشن کے طویل انتظار سے بچ سکیں گے ۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹومکہ منصوبے کا کامیاب تجربہ بھی کیا گیا ۔اسلام آباد ایئرپورٹ کے دس خصوصی کاؤنٹرز کو مدینہ اور جدہ ایئرپورٹ سے لنک کر دیا گیا ہے۔

سعودی حکام نے مصنوعی امیگریشن کی کامیاب مشق مکمل کی اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔حج کے عظیم فریضے کی ادائیگی کے لیے ملک بھر کے دس شہروں سے عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

حج کی آخری پرواز پانچ اگست کو سعودی عرب روانہ ہو گی۔پانچ جولائی کو سکھر اور چھ جولائی کو ملتان سے پہلی حج فلائٹ روانہ ہو گی۔

سات جولائی کو کوئٹہ اور10 جولائی کو سیالکوٹ سے پہلی حج فلائٹ کے عازمین حجاز مقدس پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: عازمین حج  کے لیے فلائٹ آپریشن کا حتمی شیڈول تیار


متعلقہ خبریں