سابق صدر آصف علی زرداری کی 8 بے نامی جائیدادیں ضبط



وزیراعظم عمران خان کے  معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری خاندان کی 8 بے نامی جائیدادیں ضبط کرلی گئی ہیں۔

نعیم الحق نے یہ بات آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں بتائی ہے اور انہوں نے اپنے ٹویٹ پیغام میں ایک دستاویز بھی ٹیگ کی ہے جس میں ضبط کی گئی جائیدادوں کی تفصیلات درج ہیں۔

نعیم الحق کی طرف سے شئیر کی گئی دستاویز میں بتایا گیاہے کہ بے نامی پلاٹ نمبر 18۔2 اور پلاٹ  نمبر 126 ای ون سول لائنز کراچی ضبط کرلیے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق پلازہ انٹرپرائزز اور مارشل ہومز اینڈبلڈرز ان پلاٹوں کے بے نامی دار ہیں۔

اسی طرح پلاٹ نمبر 122 کلفٹن کراچی  بھی بحق سرکار ضبط کرلیا گیاہے اور اس پلاٹ کا بے نامی دار ندیم احمد نامی شخص ہے۔

بے نامی نجی بینک کے 30۔30 ملین کے شئیرز بھی ضبط کئے گئے ہیں جنکی بے نامی دار کمپنیوں کے نام سیراکام اسٹاک اینڈ کیپٹل پرائیویٹ لمیٹڈ اور پارک ویو اسٹاک اینڈ کیپٹل پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں۔

ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی کے شئیرز بھی ضبط کرلیے گئے ہیں جنکے بے نامی دار سکائی پاک ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹ،المفتاح ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ اور رائزنگ اسٹار ہولڈنگ پرائیویٹ لیمیٹڈ نامی کمپنیاں ہیں۔

واضح رہے کہ یہی معلومات وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےبھی دو جولائی کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں بتائی تھی مگر انہوں نے کہا تھا  کہ سندھ کے معروف سیاسی خاندان کے اثاثے منجمد کردیے گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس کمشنر بے نامی زون کراچی نے سندھ کے معروف سیاسی خاندان کی بے نامی جائیدادوں اور حصص کی بے نامی قانون کے تحت اٹیچمنٹ(Attachment) کردی ہے۔یہ اقدام ابھرتے ہوئے نئے پاکستان کی جھلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب کوئی چیز بے نامی نہیں رہے گی۔تاریخ میں پہلی بار قانون پر عمل درآمد ہونے جارہا ہے جس سے ملک میں کالے دھن کا دور ختم ہوگا۔ ایف بی آر کی ایڈجیوٹنگ اتھارٹی بے نامی ٹرانزیکشنز میں چیئرمین، ممبران تعینات اور بےنامی زونز میں ٹیکس کمشنرز مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے والوں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ مغلیہ شاہی خاندان کے خلاف علم بغاوت کا مطلب نئے پاکستان کے قافلے، نظریے اور قیادت پر اعتماد ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سندھ کے معروف سیاسی خاندان کے اثاثے منجمد کردیے گئے، فردوس عاشق


متعلقہ خبریں