اصلاحات کا مقصد کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی ہے، وزیر اعظم

اصلاحات کا مقصد کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی ہے، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری طبقے کو باور کرایا جائے کہ اصلاحات کا مقصد ملک کی اقتصادی ترقی اور کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے جس کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا اور ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کاروباری برادری کے تحفظات کا مکمل ادراک ہے اور ٹیکس کے نظام پر کاروباری طبقے کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں عوام ٹیکس دیں حالات ٹھیک ہو جائیں گے، عمران خان

عمران خان نے کاروباری برادری سے درخواست کی کہ وہ ازخود معاشی ترقی کے عمل میں حصہ دار بنیں۔ وزیر اعظم نے چیئرمین ایف بی آر سمیت معاشی ٹیم کو مختلف کاروباری تنظیموں سے ملاقات کرنے اور معاشی و ٹیکس نظام میں اصلاحات سے تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم سے عثمان بزدار کی ملاقات کے دوران وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، صوبائی وزیر صنعت پنجاب میاں محمد اسلم اور چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران پنجاب میں صنعتی شعبے، زراعت اور سیاحت کے فروغ اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ نامساعد معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا جس میں صنعتی شعبے کا فروغ اور کمزور طبقے کے تحفظ پر پوری توجہ دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں