نئے پاکستان کے نام پر سارے حقوق چھینے جا رہے ہیں، بلاول بھٹو


مہمند ایجنسی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکمران نہ صرف عوام کا خون چوس رہے ہیں بلکہ سرعام انسانی حقوق کی دھجیاں بھی اڑائی جا رہی ہیں۔ نئے پاکستان کے نام پر عوام سے سارے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے علاقہ یکہ غنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کنونشن کے دو دن کے مختصر نوٹس پر لوگ جمع ہو گئے اب کل یوم سیاہ کے حوالے سے پشاور میں بھی پارٹی کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے لیے جدوجہد کی ہے اسی لیے پیپلز پارٹی اور عوام کا رشتہ پرانا ہے۔

پارٹی چیئرمین نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے جب پارٹی کی بنیاد رکھی تو قبائلیوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا تھا اور آصف علی زرداری نے این ایف سی اور خیبر پختونخوا کو شناخت دی۔

انہوں ںے کہا کہ نئے پاکستان کے نام  پر سارے حقوق چھینے جا رہے ہیں اگر ایم کیو ایم کی غیر ملکی امداد حرام تھی تو تحریک انصاف کی کیسے حلال  ہو گئی ؟

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جتنا قبائلی علاقہ پسماندہ ہے اتنا ہی بلوچستان بھی ہے اور اگر عمران خان سچے ہیں تو وہ قبائلی علاقوں کا بجٹ بڑھائیں لیکن یہ جھوٹے لوگ ہیں جو جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ حکومت نے دھاندلی سے عوام دشمن بجٹ پاس کرایا جس میں تعلیم اور صحت کے بجٹ پر ہی کٹ لگا دیا گیا۔ سبزی، پٹرول، ڈیزل، گیس، چینی  اور روٹی تک مہنگی کر دی گئی۔ یہاں تو مرنا مہنگا، جینا مہنگا مگر خون سستا کر دیا گیا ہے یہ کس قسم کی تبدیلی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اب غریبوں کو بھی حساب دینا ہو گا کہ پیسہ کہاں سے آیا کیونکہ بینک میں 5 لاکھ روپے کی بھی منی ٹریل دینا ہوں گی۔ حکومت نے ادویات،  گھی، گیس اور پانی پر بھی ٹیکس لگا دیا ہے۔ یہ کسان نہیں پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ ہے۔


متعلقہ خبریں