سرفراز بنگلہ دیش کے خلاف ’معجزے‘ کے منتظر

رن ریٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہے، سرفراز

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ وہ بھی کسی معجزے کے منتظر ہیں تاہم بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں وہ اس کی کوشش کریں گے۔

لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے مارجن کی توقع نہیں تھی۔

ورلڈ کپ کے فارمیٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک روزہ کرکٹ میں 500 رنز کرنا آسان نہیں مگر اسے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان اچھی پوزیشن پر تھا اور وہ میچ ہمیں جیتنا چاہیے تھا تاہم موقع ضائع کردیا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے ابتدائی میچز میں ان کی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

اپنے کپتانی کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کرے گا جبکہ اپنی کارکردگی انہوں نے ملی جلی قرار دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنا تقریباً ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔

سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو کم از کم 316 رنز کے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔

اگر بنگلہ دیشی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتی ہے تو ٹاس کے ساتھ ہی پاکستان کا ورلڈ کپ اختتام پذیر ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں