پوائنٹس ٹیبل: ویسٹ انڈیز، افغانستان کا ورلڈ کپ اختتام پذیر


لندن: ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو ورلڈ کپ کے 42ویں میچ میں شکست دے دی تاہم دو پوائنٹس ملنے کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اب بھی نویں نمبر پر موجود ہے اور اس کا ورلڈ کپ اختتام کو پہنچ گیا۔

جیسن ہولڈر الیون ٹورنامنٹ میں ایک ہی بڑی ٹیم پاکستان کو ہرانے میں کامیاب رہی جس کا نقصان گرین شرٹس کو اب تک ہورہا ہے۔

اس یک طرفہ مقابلے میں شکست کے باعث گرین شرٹس کا نیٹ رن ریٹ ورلڈ کپ کے آغاز ہی میں منفی ہوگیا اور صورت حال اب بھی ایسی ہی ہے۔

اگر پاکستان یہ میچ ہار بھی جاتا تاہم کارکردگی بہتر رہتی تو کل بنگلہ دیش کو ہراکر پاکستان کے پاس سیمی فائنل تک رسائی کا بہتر موقع ہوتا۔

اس کے علاوہ گرین شرٹس آسٹریلیا کے خلاف اچھی پوزیشن پر ہونے کے باوجود میچ ہارگئے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائیں تو ابھی بھی آسٹریلیا کی 14 پوائنٹس کے ساتھ حکمرانی برقرار ہے۔ کنگروز کو ابھی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک میچ کھیلنا ہے۔

دوسرے نمبر پر 13 پوائنٹس کے ساتھ بھارتی ٹیم موجود ہے جسے اب سری لنکا کے مدمقابل آنا ہے۔

گزشتہ روز انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہراکر چوتھے نمبر پر آگئی اور آسٹریلیا اور بھارت کے بعد سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی تیسری ٹیم بنی۔

نیوزی لینڈ بھی تقریباً سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے اور پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف معجزاتی فتح ہی اسے سیمی فائنل کی نشست سے دور رکھ سکتی ہے۔

پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر براجمان ہے جبکہ سری لنکا کی چھٹی پوزیشن ہے۔

اسی طرح بنگلہ دیش کی ساتویں، جنوبی افریقہ کی آٹھویں اور ویسٹ انڈیز کی نویں پوزیشن ہے۔

ورلڈ کپ کے تمام میچز ہارنے والی افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔


متعلقہ خبریں