2019 کے چھ ماہ میں 20 ممالک کے 38 صحافیوں کو قتل کیا گیا

2019 کے چھ ماہ میں 20 ممالک کے 38 صحافیوں کو قتل کیا گیا

جنیوا: سال رواں (2019) کے ابتدائی چھ ماہ میں 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے 38 صحافیوں کو قتل کیا گیا  جب کہ گزشتہ سال کے انھی چھ ماہ کے دوران 63 صحافیوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔ دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف ہونے والے پر تشدد واقعات میں 42 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو بہرحال ایک مثبت عمل ہے۔

یہ بات جنیوا سوئزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی پریس ایمبلم کمپین (پی ای سی) کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔

پی ای سی کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اور میکسیکو میں صحافیوں کے خلاف ہونے والے پرتشدد واقعات تشویشناک ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف چھ ماہ کے دوران افغانستان میں چھ اور میکسیکو میں نو صحافیوں کو جان سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں۔

پی اے سی کے مطابق افغانستان میں صحافیوں کے خلاف ہونے والے پرتشدد واقعات میں مختلف تنظیمیں اور میکسیکو میں جرائم پیشہ گروہ ملوث ہیں۔

پریس ایمبلم کمپین کے سیکریٹری جنرل بلپس لیمپن نے گزشتہ روز ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں تجویز پیش کی کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی برادری کو آزاد نظام قائم کرنا چاہیے۔

پی ای سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاطینی امریکہ کے ممالک میں صحافیوں کے خلاف تشدد کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں البتہ شام اورعراق میں ہونے والے پر تشدد واقعات میں کمی آئی ہے۔

پریس ایمبلم کمپین 2004 میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے قائم کی تھی۔ سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اس کا مرکزی دفتر قائم ہے۔ سی ای پی ایک غیر منافع بخش اورغیر سرکاری ادارہ ہے جسے دنیا کی تقریبا 50 این جی اوز کی حمایت و معاونت حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں