ورلڈکپ2019: پاکستان کو درکار 4 کرشمے

ورلڈکپ2019: پاکستان کو درکار 4 کرشمے

فائل فوٹو


لارڈز: ورلڈکپ 2019 کے 43 ویں میچ میں آج پاکستان کا ٹاکرا بنگلہ دیش سے ہوگا اور سیمی فائنل میں رسائی کیلیے قومی ٹیم کو پے در پے چار کرشمے دکھانے ہوں گے۔

ہوم آف کرکٹ لارڈز میں قومی ٹیم کا آج ٹاس جیتنا پہلا کرشمہ ہوگا جس کے بغیر ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی۔

ٹاس ہارنے کی صورت میں دوسرا کرشمہ یہ ہے کہ بنگلہ دیش پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دے جس کے بعد سرفراز الیون کو 500 رنز کا تیسرا معجزہ دکھانا ہوگا۔

مذکورہ بالا تمام کرامات کے بعد جو کرشمہ درکار ہے اس میں حریف ٹیم کو 184 رنز پر آؤٹ کرنا ہوگا اور پھر پاکستان کو سیمی میں پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

اگر دونوں ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں تو حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے تاریخ میں سب سے زیادہ 399 رنز بنائے ہیں وہ بھی زمبابوے کیخلاف۔

قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف سب سے بڑی فتح 19 سال قبل 233 رنز سے حاصل کی تھی اور گزشتہ چار میچز میں سے ساہین ایک بھی فتح بنگال ٹائیگرز سے نہیں چھین سکے۔

تاریخ اور کرشموں کو سامنے رکھ کر پاکستانی ٹیم جب میدان میں اترے گی تو ٹاس کے ساتھ ہی ابتدائی دو کرشموں کا فیصلہ ہوجائے گا جن کے ہونے کی صورت میں اگلے دو کرشموں کیلیے پورا میچ دیکھنا پڑے گا۔

ماہرین کرکٹ نے بھی ہم  نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے یا نہیں اس بات کا فیصلہ ٹاس سے ہوگا کیونکہ ٹاس ہارنے کی صورت میں قومی ٹیم معجزہ بھی نہیں دکھا سکے گی۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں جگہ بنانا گرین شرٹس کے لیے اب ناممکن ہے لہذا پاکستان کو ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ سفر کا اختتام کرنا چاہیے اور قومی ٹیم رن ریٹ کے کی میچ جیتنے کی کوشش کرے۔


متعلقہ خبریں