نیب کی نواز شریف سے جیل میں ایک گھنٹہ پوچھ گچھ

اب سب کو حساب دینا ہوگا، نواز شریف | urduhumnews.wpengine.com

قومی احتساب بیورو(نیب) اسلام آباد کی تین رکنی ٹیم نے توشہ خانہ کیس کے سلسلے میں آج  سابق وزیر اعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل  میں تفتیش کی ہے۔ نواز شریف سے ایک گھنٹہ پوچھ گچھ کی  گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سرکاری گاڑی کے  غیر قانونی استمعال کے  الزام کی تحقیقات کے لیے  نیب اسلام آباد کی تین رکنی ٹیم کوٹ لکھپت جیل پہنچی تھی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کو سیکیورٹی سیل سے جیل سپرٹنڈنٹ کے کمرے میں سخت سیکیورٹی میں لایا گیا ۔ تین افسران نے نواز شریف سے ایک گھنٹے تک تفتیش کی ۔

نیب کی جانب سے نواز شریف کو سوالنامہ دیا گیا تھا ۔ نواز شریف سے ایک گھنٹے تک تفتیش مکمل کرنے کے بعد نیب کی تین رکنی ٹیم جیل سے روانہ ہوگئی ۔جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف سے  تفتیش کے دوران دوران جیل افسران کو کمرے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں  تھی۔

یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) کی تفتیشی ٹیم نے 27مئی کو بھی نوازشریف  جیل میں دو گھنٹے تک سوالات کیے تھے۔

کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ہونے والی نیب کی تفتیش کی اندرونی کہانی کے متعلق ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ ملاقات جیل سپرٹنڈنٹ کے احاطے سے متصل کمرے میں ہوئی۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ نیب کی ٹیم نے سابق وزیراعظم سے خیریت دریافت کرنے کے بعد بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری سے متعلق سوالات کیے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ بلٹ پروف گاڑیاں کب؟ کیسے؟ اور کتنی رقم سے خریدی گئیں؟ نیب کی ٹیم نے یہ بھی معلوم کیا کہ کیا آپ کو معلوم تھا کہ خریداری میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیں؟

سابق وزیراعظم نے مؤقف اپنایا کہ تین مرتبہ وزیراعظم رہا، قوم کی خدمت کی، ملک کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے نکالا اور ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج تک جو بھی کیا وہ ملک و قوم کے مفاد میں کیا۔

نیب ٹیم نے ملنے والے جواب پر کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے بلٹ پروف گاڑیوں کو اپنے ذاتی استعمال میں لا کر قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا ہے؟

سابق وزیراعظم نے اس پر کہا کہ الزام لگانے والے تو کوئی بھی الزام لگا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر بھی نکال دیتے ہیں۔

پی ایم ایل (ن) کے قائد نے مؤقف اپنایا کہ قوم کے ایک ایک روپے کی حفاظت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے بنائی، ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور کوئی غلط کام کرنے کا کبھی نہیں سوچا۔

ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے سابق وزیراعظم سے کہا کہ ہمیں آپ پر لگنے والے الزام کی حقیقت تک پہنچنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی آپ کا جواب ہے وہ  ہمیں بتا دیں تا کہ قانون کے مطابق کارروائی کو آگے بڑھا سکیں۔

یہ بھی پڑھیے: نواز شریف سے نیب کی تفتیش: اندرونی کہانی سامنے آگئی


متعلقہ خبریں