سٹیزن پورٹل پر ہزاروں صارفین کی رجسٹریشن منسوخ

سٹیزن پورٹل پر ہزاروں صارفین کی رجسٹریشن منسوخ

فائل فوٹو


اسلام آباد: عوامی شکایات وزیراعظم پاکستان عمران خان تک پہنچانے کے لیے بنائے گئے سیٹیزن پورٹل سے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔

سٹیزن پورٹل پر 44 ہزار 623 شہریوں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے اور ایسا کرنے سے قبل غیرتصدیق شدہ اکاؤنٹ مالکان کو تنبیہ کی گئی تھی۔

وزیراعظم ڈیلوری پورٹل(پی ایم ڈی یو) حکام کے مطابق سٹیزن پورٹل پر 51 ہزار غیر تصدیق شدہ اکاونٹس رجسٹر تھے جب کہ 7 ہزار غیر رجسٹرڈ اکاونٹس کو فیڈبیک دینے کی وجہ سے ایک اور موقع دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا منسوخ شدہ شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم

حکام کا کہنا ہے کہ درست کوائف جمع کروا کر شہری دوبارہ سٹیزن پورٹل پر رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ رواں برس مئی میں ڈیلیوری یونٹ نے خبردار کیا تھا کہ مسلسل جعلی شکایات درج کرنے والوں کو بلاک کردیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ جن شہریوں نے شکایات واپس لیں ان سے بھی رابطہ کرکے پوچھا جائے کہ کسی دباو میں تو شکایات واپس نہیں لی؟

خیال رہے کہ عمران خان نے گزشتہ برس’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ کا افتتاح کیا تھا جس کا مقصد عوامی شکایات براہ راست وزیراعظم تک پہنچانا تھا۔

عوامی شکایات کا ازالہ کرانے اور قابل عمل تجاویز پر غور کے عمل کی نگرانی وزیراعظم آفس سے کی جارہی ہے۔

پاکستان سیٹیزن پورٹل کی بدولت لوگ اپنے موبائل فونز میں مخصوص اپلیکیشن کے ذریعے حکومتی اداروں تک اپنی آواز پہنچا سکتے ہیں۔

ڈیلیوری یونٹ کے اعدادو شمار کے مطابق سٹیزن پورٹل استعمال کرنے والوں کی تعداد 9 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور مئی 2019 تک  6 لاکھ 17 ہزار 239 شکایات حل کی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں